لاہور(سپورٹس رپورٹر)بھارت نے دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی۔بھارت کے شہر اندور میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں بھارٹی بیٹرز آسٹریلیا کی ٹیم کا بھرکس نکالتے ہوئے 400 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا۔آسٹریلیا کی اننگز کے دوران بارش کی وجہ سے میچ متاثر ہونے پر میزبان ٹیم کو 33 اوورز میں 317 رنز کا نظرثانی شدہ ہدف ملا جس کے تعاقب میں کینگروز 217 رنز پر ڈھیر ہوگئے۔ بھارت نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 99 رنز سے میچ جیت لیا۔آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بھارت نے 50 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 399 رنز بنائے۔ شبمن گل اور شری یاس ائیر نے سنچریاں جبکہ سوریا کمار یادیو اور کے ایل راہول نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ کیمرون گرین نے 2، جوش ہیزل ووڈ،سئین ایبوٹ اور ایڈم زامپا نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔آسٹریلیا کی ٹیم کو ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا رہا 9 رنز کے مجموعی سکور پر دو وکٹیں گریں جبکہ 108 رنز پر 5 کھلاڑی آﺅٹ ہوگئے۔ پوری ٹیم 217 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ڈیوڈ وارنر 53 اور سیئن ایبٹ 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ روی چندرن ایشون اور رویندرا جدیجہ نے تین تین، پرسدھ کرشنا نے 2 اور محمد شامی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے 27 ستمبر کو راجکوٹ میں کھیلا جائےگا۔ہوم سائیڈ نے 50 اوورز میں پانچ وکٹ پر 399 رنز بنائے اور 2013 میں بنگلور میں قائم کیے گئے چھ وکٹوں پر 383 کے اپنے سابقہ بہترین سکور کو پیچھے چھوڑ دیا۔یہ آسٹریلیا کےخلاف ایک روزہ میچوں میں 350 سے زیادہ کا ساتواں سکور تھا۔ بھارت کا سب سے زیادہ ٹیم سکور (پانچ وکٹ پر 418) ویسٹ انڈیز کےخلاف 2011 میں اسی مقام پر بنایا گیا تھا جس میں وریندر سہواگ نے ڈبل سنچری (219) اسکور کی تھی اور ہندوستان 153 رنز سے یہ میچ جیت گیا تھا۔
بھارت نےآسٹریلیا کو دوسرا ون ڈے ہراکر سیریز جیت لی
Sep 25, 2023