گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)سابق وفاقی وزیرانجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن ملک وقوم کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔قائد عوام میاں نوازشریف کا 21اکتوبر کو پاکستان آمد پر فقید المثال استقبال کیا جائیگا۔کارکن اور عوام میاں نوازشریف سے دلی محبت کرتے ہیں اور میاں نوازشریف کاوطن واپسی پر والہانہ استقبال کرنے کیلئے بے تاب ہیں۔مسلم لیگ ن نے 16ماہ کے اقتدار میں تحریک انصاف حکومت کے گند کو صاف کرنے میں لگایا۔چیئرمین پی ٹی آئی اور اسکی نالائق ٹیم نے اقتدار پر قابض ہوکر ملکی معیشت و ترقی کو تباہ کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں تحصیل روڈ کشمیر کالونی کیمپ کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ناصر محمود کھوکھر، عمر جاوید بٹ، رانا اعجاز، ندیم بٹ، سفیان قیصر بٹ ودیگر بھی موجود تھے۔