پاک چین تعلقات گہرے اور مضبوط  ہیں:وزیر اعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا ہمیشہ حامی رہا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں قومی دن پر چینی قونصلیٹ پہنچے اور چین کے قومی دن کے موقع پر چینی عوام کو مبارکباد دی۔ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق مراد علی شاہ نے چینی قونصلیٹ میں عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں قومی دن کی تقریب سے خطاب کیا۔وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک چین تعلقات پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہیں. آج کا دن چین کی تاریخ میں بڑی اہمیت کا حامل ہے. کم عرصے میں چین نے خود کو دنیا کے صف اول کے ممالک میں شامل کیا۔چین جدید ٹیکنالوجی میں بہت زیادہ سبقت لے جا چکا ہے. چین پاکستان کا ہمیشہ سے حامی رہا ہے. پاک چین تعلقات گہرے اور مضبوط  ہیں. چین دیگر ممالک کے لیے بھی رول ماڈل کا کردار ادا کر رہا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 75 سال میں چین کا شاندار سفر چینی قیادت کی کامیابی کی دلیل ہے. پاک چین دوستی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کا کلیدی کردار ہے.مضبوط تاریخی وسفارتی تعلقات کا سہرا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے سر ہے۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو اور چیئرمین ماؤزے تنگ نے پاک چین شراکت کی بنیاد رکھی. بے نظیر نے چائنا کمیونسٹ پارٹی کی قیادت کے ساتھ تعلقات استوار رکھے. سی پیک کے تحت چین پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ترجمان کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ سندھ اس شراکت داری میں سب سے آگے ہے. ایس سی او کا اجلاس پاکستان میں منعقد ہونا باعثِ اعزاز ہے. چین کے وزیراعظم خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ صدر مملکت آصف زرداری نومبر میں چین کا دورہ کریں گے. دورے کا مقصد پاک چین تعلقات کو مزید تقویت دینا ہے۔

ای پیپر دی نیشن