لاہور (خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے دروازے ہر محب وطن پاکستانی کے لیے کھلے ہیں۔جماعت اسلامی کے ممبر پاکستان کی طاقت بنیں گے۔ جماعت اسلامی پاکستان میں ظلم، جبر، انسانوں پر انسانوں کی حاکمیت کے نظام کا خاتمہ کرکے قرآن و سنت کی بالادستی اور آئین کی فرمانروائی کا نظام لائے گی۔ان خیالات کا اظہار لیاقت بلوچ نے راولپنڈی، اسلام آباد، مری رابطہ عوام ممبر سازی کیمپوں کے دورے اور اسلامی جمعیت طلبہ کے طلبہ حقوق کنونشن سے خطاب کرتے کیا۔اس موقع پر انجینئر نصراللہ رندھاوا، غلام احمد عباسی اور طلبہ رہنما بھی موجود تھے۔ لیاقت بلوچ نے کہا حکومت کو عوام کے ساتھ بیوفائی اور عوامی مسائل میں اضافہ کا حساب دینا ہوگا۔