قصور (نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان کا قصور چیمبر آف کامرس کا دورہ‘ضلعی انتظامیہ اور چیمبر کے درمیان روابط کی مضبوطی اور تاجروں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جعفر چوہدری بھی ہمراہ تھے۔ اس موقع پر صدر قصور چیمبر کاشف کھوکھر اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نے ڈپٹی کمشنر کا استقبال کیا اور گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر خان نے قصور چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں کو ضلعی انتظامیہ کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرنے اور درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر قصور لیدر سٹی کا قیام، انڈسٹریل زونز کا قیام، ڈی ایچ کیو ہسپتال میں درپیش مسائل اور بنیادی سہولیات کا فقدان، واپڈا کی طرف سے درپیش مسائل، لیبر کیلئے سکِل ڈویلپمنٹ پروگرام کیساتھ پراڈکٹ ویلیو ایڈیشن اور مختلف کاروباری شعبوں کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر قصور چیمبر اور دیگر ممبروں نے ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کو اعزازی شیلڈ ز پیش کیں ۔ اس موقع پر کاشف کھوکھر‘حاجی محمد اکرم ذکی، جنید حسنین کھوکھر، سجاد علی، حاجی مقصود احمد، حافظ منیر احمد، ظفر اقبال کھوکھر، ڈاکٹر ندیم اسلم اوردیگر نے شرکت کی۔