لاہور(سپورٹس رپورٹر) انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے15 رکنی پاکستان ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان‘پہلا ٹیسٹ ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر تک کھیلا جائیگا۔ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی تجویز پر منتخب کھلاڑی چیمپئنز ون ڈے کپ سے دستبردار ہونگے ۔جیسن گلیسپی نے کہا کہ منتخب کھلاڑیوں کو ٹیسٹ سیریز سے قبل آرام کی ضرورت ہے۔ ٹیسٹ سکواڈ میں نعمان علی اور عامرجمال کو شامل کیا گیا ہے۔سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ شان مسعود (کپتان) سعود شکیل (نائب کپتان) عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، میر حمزہ ، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر) نسیم شاہ، نعمان علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی۔کامران غلام اور محمد علی جو بنگلہ دیش کیخلاف سکواڈ میں شامل تھے بدستور سلیکٹرزکے پلان میں شامل ہیں۔ ایک ٹیسٹ کیلئے پندرہ رکنی سکواڈ کافی سمجھا گیا ہے۔کامران غلام اور محمد علی کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ وہ چیمپیئنز ون ڈے کپ اور3اکتوبر سے شروع ہونے والے پریذیڈنٹ کپ میں اپنی کرکٹ جاری رکھیں تاکہ وہ میچ کیلئے تیار رہیں۔15 ٹیسٹ میچوں میں 47 وکٹیں لینے والے بائیں ہاتھ کے سپنر نعمان علی نے فاسٹ بائولر خرم شہزاد کی جگہ لی ہے جو انجرڈ ہیں۔