لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق عالمی سکواش چیمپئن جہانگیرخان نے عمر میں جعلسازی کرنیوالے کھلاڑیوں کیخلاف آواز بلند کردی۔ انہوںنے کہا کہ اپنی عمر کم ظاہر کرنے والے کھلاڑیوں کو شرم آنی چاہیے، قومی سطح کیساتھ انٹرنینشل مقابلوں میں ایسا کرنیوالوں کے واقعات سامنے آئیں تو دنیا بھر میں ملک کی سبکی عزت پر حرف آتا ہے اور وطن کی سبکی بھی ہوتی ہے۔ عالمی سطح سے میرے پاس شواہد اور شکایات سامنے آتی ہیں تو مجھے بہت دکھ اور تکلیف کیساتھ شرمندگی ہوتی ہے، سکواش ہی نہیں دیگر کھیلوں میں بھی کھلاڑیوں کی جانب سے اصل عمر کی بجائے کم عمر ظاہر کرنے کے واقعات پیش آتے ہیں۔ میں نے بارہا فیڈریشن، ایسوسی ایشن اور کھلاڑیوں کی توجہ اس طرف مبزول کرائی ہے کہ ایسا کرنا درست نہیں جس سے حقدار کھلاڑی کو نقصان ہوتا ہے، بعض مواقع پر میں نے ذاتی طور پر بعض زائد العمر کھلاڑیوں کو ایونٹس میں شرکت سے روکا۔ایج کیٹگری میں کھیلنے کے بعد جعلسازی کرنیوالے کھلاڑی اوپن مقابلوں میں مشکلات کا شکار ہوجاتے ہیں، ان کے والدین کو بھی اس عمل کا حصہ بننے کی بجائے ذمہ داری کا احساس کرنا چاہیے۔
جہانگیرخان نے عمر میں جعلسازی کرنیوالے کھلاڑیوں کیخلاف آواز بلند کردی
Sep 25, 2024