لاہور کی 3یونیورسٹیوں کے نئے وائس چانسلرنے عہدوں کاچارج سنبھال لیا

لاہور(لیڈی رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں قائم 3یونیورسٹیوں کے نئے وائس چانسلرز نے عہدوں کے چارج سنبھال لیا۔ ڈاکٹر محمد علی شاہ نے پنجاب یونیورسٹی کے 64ویں وائس چانسلر کا چارج سنبھالا ۔وہ اس سے قبل جی سی یو فیصل آباد، قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد اور بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں بطور وائس چانسلر فرائض انجام دے چکے ہیں۔ ڈاکٹر محمد علی کے تحقیق اور تدریسی مہارت کیلئے 19 سے زائد قومی اعزازات شامل ہیں۔علاوہ ازیں معروف سائنسدان و ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چودھری نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے وائس چانسلر کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ اس سے قبل وہ کامسیٹس یونیورسٹی میں بطور پروفیسر بائیو ٹیکنالوجی اور سربراہ انٹرڈسپلنری ریسرچ سنٹر ان بائیومیڈیکل میٹریلز خدمات دے رہے تھے۔ نو تعینات وائس چانسلر ڈاکٹر عاکف انور چودھری نے کہا اساتذہ کی تعلیم و تربیت کیلئے بننے والی ملک کی پہلی جامعہ کا وائس چانسلر بننا اعزاز سے کم نہیں‘جامعہ کی مزید تعمیر و ترقی کیلئے ؒصلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔اسی طرح پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نییونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہورکے 19 ویں وائس چانسلرکے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر حیات نے چارج انکے حوالے کیااور انہیں مبارکباد دی۔جامعہ کے ڈینز، تعلیمی و انتظامی سربراہان اور اساتذہ نے انکا خیر مقدم کیا۔ ڈاکٹرشاہد منیر نے کہا  پاکستان کی سب سے قدیم انجینئرنگ یونیورسٹی میںبطوروائس چانسلر انتخاب میرے لئے قابل فخر بات ہے۔یو ای ٹی میں تعلیمی ماحول کی بہتری کیلئے کوشش کروں گا۔

ای پیپر دی نیشن