لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر صوبہ میں پہلی مرتبہ شوگر کے مریض بچوں کو مفت انسولین فراہمی کیلئے پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں بچوں کی رجسٹریشن کیلئے ذیابیطس سنٹرز قائم کئے جارہے ہیں۔شوگر کے مریض بچوں کا ڈیٹا حاصل کرکے مفت انسولین انکے گھروں میں پہنچائی جائیگی۔ یہ بات انہوں نے اہم اجلاس میں کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نادیہ ثاقب اور ڈاکٹر عدنان موجود تھے۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت نے بتایا شوگر کے مریض بچوں کی رجسٹریشن ہیلپ لائن، پورٹل کے ذریعے بھی کی جاسکے گی۔ مریض بچوں میں ٹائپ-1 اور ٹائپ-2 ذیابیطس کا ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا شوگر کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے، ورزش اور متوازن خوراک کا استعمال ضروری ہے۔ ہیڈ آف اینڈو کرینالوجی انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر سمعیہ نے شوگر کے مریض بچوں سے متعلق بریفنگ دی۔