لاہور(نیوز رپورٹر)سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شہنشاہ فیصل محمد عظیم نے کہا ہے کہ بزنس فسیلیٹیشن سنٹرز کے قیام سے صوبے میں تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔ نئے کاروبار شروع کرنے کیلئے 31 وفاقی اور صوبائی محکموں کے این او سیز ایک ہی چھت تلے فراہم کئے جارہے ہیں جن سے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔صوبائی سیکرٹری نے آج الفلاح بلڈنگ لاہور میں قائم کاروبار سہولت مرکز کا دورہ کیا اور سرمایہ کاروں کو نئے کاروبار کیلئے حکومت پنجاب کی فراہم کردہ ون ونڈو سروسز کا جائزہ لیا۔ سنٹر کے جنرل منیجر عابد سلیم نے سیکرٹری بتایا کہ صوبے میں کاروبار کے آغاز کیلئے محکمہ صنعت و تجارت اور ماحولیات سمیت مختلف محکموں کے این او سیز کے اجراء کیلئے 15دن کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ اس سے قبل کاروبار کیلئے مختلف محکموں کے دفاتر سے این او سیز جاری کیے جاتے تھے اوریہ عمل کئی ماہ پر محیط تھا۔ شہنشاہ فیصل عظیم نے بزنس سہولت سینٹر میں موجود عملہ کو درخواست گزاروں کیلئے مزید آسانی پیدا کرنے کی ہدایات دیں۔