غزہ میں بچے نہیں مغرب کی اخلاقی روایات کا بھی قتل ہو رہا : اردگان 

Sep 25, 2024

نیویارک (نوائے وقت رپورٹ) ترک صدر رجب طیب  اردگان نے کہا ہے عالمی امن دنیا کے پانچ با اثر ممالک کے ہاتھوں میں نہیں ہونا چاہیے۔ غزہ جنگ اقوام متحدہ کے بنیادی مشن کے لیے چیلنج ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا  اقوام متحدہ کی بنیادی ذمہ داری دنیا میں امن قائم کرنا ہے۔ دنیا ریاست فلسطین کو تسلیم کرے۔ دنیا فلسطینی ریاست کو تسلیم کر کے تاریخ کی درست سمت میں کھڑی  ہوجائے۔انھوں نے کہا  اسرائیلی انتظامیہ بنیادی انسانی حقوق نظرانداز کر رہی ہے۔ مغرب کی تہذیبی روایات و اقدار کا غزہ میں کھلے عام قتل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا  اسرائیلی حملوں سے غزہ بچوں اور خواتین کا دنیا کا سب سے بڑا قبرستان بن گیا ہے، غزہ میں صرف بچوں کا نہیں بلکہ اقوام متحدہ اور مغرب کی اخلاقی روایات کا بھی قتل ہو رہا ہے۔ ترک صدر نے کہا  مغرب جن مغربی اخلاقی روایات کا دفاع کرتا ہے وہ بھی غزہ میں قتل کی جا رہی ہیں، ہم لبنان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں جو اسرائیل کے حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔ انسانیت کے اتحاد سے اسرائیل کو روکنا ہوگا۔طیب اردگان نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ہٹلر سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا غزہ میں صرف بچے نہیں  اقوام متحدہ  اور  مغرب کی اخلاقی روایات کا بھی قتل ہو رہا ہے۔

مزیدخبریں