لاہور(سپورٹس رپورٹر)منگولیا میں جاری ورلڈ 6 ریڈ سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے اسجد اقبال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں بھارت کے ملکیت سنگھ کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔اسجد اقبال نے بھارت کے ملکیت سنگھ کو 6-0 سے ہر ایا، جس میں انہوں نے اپنے حریف کو ایک فریم بھی جیتنے کا موقع نہیں دیا۔ مقابلے کا آغاز پہلے فریم میں اسجد اقبال کی 49-18 کی فتح کیساتھ ہوا، جس کے بعد انہوں نے مسلسل بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرا فریم 38-34، تیسرا فریم 46-13، چوتھا فریم 40-31، پانچواں فریم 52-13 اور چھٹا فریم 45-0 کے واضح فرق سے جیتا۔ملکیت سنگھ اپنے حریف کے سامنے بے بس نظر آئے اور وہ ایک بھی بڑا بریک بنانے میں ناکام رہے۔ اس کے برعکس اسجد اقبال نے چھٹے فریم میں 40 کا بریک بھی بنایا۔اس سے قبل کوارٹر فائنل میں اسجد اقبال نے قبرص کے مائیکل جارگیو کو 5-2 سے شکست دی تھی۔