اسلام آباد، پشاور (نمائندہ خصوصی، بیورو رپورٹ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کو نیشنل نیوز پیپر ریڈر شپ ڈے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اخبارات جھوٹی معلومات کے پھیلائو کو روکنے اور حقائق پر مبنی خبروں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل نیوز پیپر ریڈر شپ ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اخبارات سیاسی شعور بڑھانے اور شہریوں کو ان کے حقوق اور ذمہ داریوں سے آگاہ کرنے کے علاوہ خبریں فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اخبارات معاشرے میں اخلاقی اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات کے ذریعے لوگوں میں سماجی و اقتصادی مسائل سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں بردا شت، رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی، حب الوطنی، شہری ذمہ داری اور انسانی حقوق کے احترام کو بھی فروغ دینا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایک ذمہ دار پریس خبروں کی رپورٹنگ میں درستگی، انصاف پسندی اور توازن کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھتا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری سے گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے گزشتہ روز ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔ انہوں نے ملاقات میں صوبہ خیبر پی کے کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی اور صوبے کو درپیش مسائل و مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں صوبے میں امن و امان، معاشی استحکام اور صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ فیصل کریم کنڈی نے صدر پاکستان کو سوات، مالم جبہ میں غیر ملکی سفارتکاروں کے قافلے پر دہشتگردانہ حملہ کے افسوس ناک واقعہ سمیت صوبہ کے جنوبی اضلاع اور ضم قبائلی اضلاع میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ اور امن و امان کی دن بدن بگڑتی صورتحال سے آگاہ کیا۔ صدرمملکت آصف علی زرداری سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن روبینہ خالد نے ملاقات کی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق چیئرپرسن نے صدر مملکت کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ صدر مملکت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دائرہ کار کو بڑھانے اور زیادہ سے زیادہ پسماندہ طبقات کو شامل کرنے پر زور دیا۔ صدر مملکت نے مستحق اور نادار افراد کی مدد کرنے پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی خدمات کو سراہا۔