دورہ وانا، خیبر پی کے پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مدد فراہم کرتے رہیں گے: آرمی چیف

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے دشمن قوتوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جنوبی وزیرستان کے ضلع وانا کا دورہ کیا جہاں انہیں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال، انسداد دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز اور ترقیاتی اقدامات کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔ افسران اور فوجیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران آرمی چیف نے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے پاک فوج کی اعلیٰ سطح کی تیاری اور غیر معمولی حوصلے کی تعریف کی۔ انہوں نے دشمن قوتوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے فرائض کی انجام دہی کرتے ہوئے اپنی جانیں دیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں بالخصوص کے پی کے پولیس کو ان کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مستقل مدد اور تکنیکی مدد فراہم کرتی رہے گی۔ آرمی چیف  نے جنوبی وزیرستان انٹیگریٹڈ ڈیویلپمنٹ پلان کے تحت امن برقرار رکھنے اور مختلف منصوبوں کو آگے بڑھانے میں خیبر پی کے کے عوام کے کلیدی کردار کو سراہا۔ انہوں نے کے پی کے کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے اپنے وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے پاک فوج کے عزم پر زور دیا۔ آرمی چیف  نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عمائدین کی انمول حمایت اور پاک فوج کیلئے ان کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ وزیرستان آمد پر  آرمی چیف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھا کر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وانا میں کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا۔

ای پیپر دی نیشن