سیالکوٹ: جج نے وکیل کو ویٹ پیپر دے مارا‘ وکلاء کا احتجاج‘ عدالت کی تالا بندی

سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے ممبران نے ایک سول جج کی عدالت کے سامنے ایک بار ممبر کو زخمی کرنے اور بدتمیزی سے پیش آنے پر عدالت کو تالا لگا دیا۔ ڈسٹرکٹ بار کے ایک ممبر نور حسین ہکلہ سول جج خاور رفیق کی عدالت میں پیش ہوئے تو معزز وکیل  کی سول جج کے ساتھ ایک قانونی پوائنٹ پر تلخ کلامی ہو گئی تو فاضل جج نے بار ممبر کو ویٹ پیپر اٹھا کر بار ممبر کو دے مارا، جس سے بار ممبر نور حسین ہکلہ زخمی ہوگئے، بار ایسوسی ایشن کے صدر سہیل وڑائچ اور سیکرٹری بار راحت نذیر وینس کو آگاہ کیا تو فاضل جج کو بار کے اجلاس میں بار ممبران کی موجودگی میں معافی  مانگنے اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ میڈم نیلم سے فاضل سول جج کا فوری تبادلہ کرنے اور اس کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا جبکہ اجلاس کے بعد بار ممبران نے فاضل سول جج کی عدالت کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرہ بازی کرنے کے ساتھ ساتھ عدالت کو تالا لگا دیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر سید نے واقعہ تحقیقات کرنے اور فاضل سول جج کے خلاف کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ای پیپر دی نیشن