ٹیچرز یونین عہدیداروں کی ملازمت سے معطلی کیخلاف سکولز کی تالا بندی‘ کل دھرنے کا اعلان

لاہور (لیڈی رپورٹر) پنجاب ٹیچرز یونین نے کل 26 ستمبر کوسول سیکرٹریٹ لاہور کے سامنے احتجاج اور دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔ قائم مقام مرکزی صدر رانا انوار الحق ،رانا لیاقت علی،امتیاز طاہر، نادیہ جمشید،جام صادق، طارق زیدی ،بشارت چٹھہ ، ساجد محمود چشتی، عبدالقیوم راہی ، سعید نامدار، افضل کیانی، چوہدری رفیق ،طاہر وڑائچ، ظفر جمال ،رحمت اللہ قریشی، عبد الطارق نیازی،رانا طارق،مرزا اختر بیگ، عابد محمود ڈوگر صفدر کالرو، شیکیل احمد چوہدری، منیر انجم و دیگر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب 13 ہزار پرائمری سکولوں کو پیف کے ذریعے پرائیویٹ منجمنٹ اور این جی اوز کے حوالے کرنے پر تلی ہوئی ہے‘ گرینڈ ٹیچرز الائنس پنجاب نے اساتذہ وملازمین اور تعلیم کش پالیسیوں کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا۔ سکول ٹائمنگ و شیڈول کابائیکاٹ کر کے مظاہرہ میں پنجاب بھر سے اساتذہ شرکت کریں گے۔ دریں اثناء نوائے وقت رپورٹ کے مطابق محکمہ تعلیم نے ایکشن لیتے ہوئے پنجاب ٹیچرز یونین، ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن کے صدور اور سیکرٹریز کو ملازمت سے معطل کر دیا اور پنجاب ٹیچرز یونین ، پنجاب ایجوکیٹر ایسوسی ایشن کے صدور، جنرل سیکرٹریز کو شوکاز نوٹسز بھی جاری کر دئیے۔ قاضی عمران، ملک امجد، اخیان گل، راجہ تیمور اختر سمیت دیگر کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ اساتذہ نے احتجاجاً سکولز کی تالا بندی کر دی۔ 

ای پیپر دی نیشن