پاک سعودیہ دوستی مسلم دنیا کی مضبوطی کی ضامن

Sep 25, 2024

اداریہ

صدر مملکت آصف علی زرداری نے سعودی عرب کی سالگرہ کے موقع پر سعودی سفارتخانے کے زیر انتظام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور سعودی عرب کے ساتھ معیشت،تجارت، دفاع، ثقافت، اور تعلیم کے شعبوں میں روابط بڑھانے پر زور دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ صدر مملکت نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے ویژن اور سعودی عرب کی قابل قدر ترقی کو سراہا۔ تقریب میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم، پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے گورنرز اور وزیراعلی پنجاب کے علاوہ وفاقی وزراء، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، غیر ملکی سفارتکاروں، سعودی شہریوں، معززین اور اعلیٰ سول و فوجی افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے سعودی عرب کے سفیر اور دیگر مہمانوں کے ہمراہ سعودی عرب کی 94ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے مراسم دونوں ملکوں کی ہی نہیں بلکہ پوری مسلم دنیا کے استحکام اور ترقی کی ضمانت ہیں۔ سعودی عرب نے بین الاقوامی سطح پر ہمیشہ پاکستان کا ہر معاملے میں کھل کر ساتھ دیا ہے۔ معیشت کی بحالی کا معاملہ ہو یا قدرتی آفات سے نمٹنے کا مسئلہ، سعودی قیادت کی بے لوث معاونت ہمیشہ ہمارے ساتھ رہی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے بڑھنے سے پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا اور خطے میں ایک مضبوط اسلامی بلاک کی راہ بھی ہموار ہوگی۔ علاوہ ازیں، باہمی تعاون کو فروغ دے کر دونوں ملک عالمی سطح پر اپنا اثر و رسوخ مزید بہتر بنا سکتے ہیں۔

مزیدخبریں