تعلیمی اداروں کی نجکاری کیخلاف آواز اٹھانے والی اساتذہ تنظیموں کے 6 عہدیدارمعطل

Sep 25, 2024

 راولپنڈی(جنرل رپورٹر)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی نے سرکاری تعلیمی اداروں کی نجکاری کے خلاف آواز اٹھانے والی اساتذہ تنظیموں کے 6 عہدیداروں کو معطل کر کے شوکاز نوٹس جاری کر دئیے ہیں، اساتذہ کے خلاف یہ کاروائی پیڈا ایکٹ کے تحت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی کے چیف ایگزیکٹو افسر یاسین بلوچ کی ہدایت پر کی گئی ہے معطل کئے گئے اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شوکاز نوٹس میں دی گئی تاریخ پر مجاز اتھارٹی کے سامنے پیش ہوں معطل ہونے والے اساتذہ میں پنجاب ٹیچرز یونین اور پنجاب ایجوکیٹر ایسوسی ایشن کے صدر و جنرل سیکرٹریز شامل ہیں گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری سکول لوکو شیڈ راولپنڈی کے ای ایس ٹی قاضی عمران، گورنمنٹ ہائی سکول کرور کوٹلی ستیاں کے ای ایس ٹی ناظم علی ستی، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول لہری تحصیل کہوٹہ کے ای ایس ٹی راجہ طارق محمود کے علاوہ کھدیوٹ تحصیل کہوٹہ کے ہیڈ ٹیچر صمد ادریس، اخیان گل اور پی ایس ٹی راجہ تیمور اکبر پر مشتمل اساتذہ رہنماں کو جاری شوکاز نوٹس میں الزام ہے کہ انہوں نے واٹس ایپ سمیت سوشل میڈیا پر پیغامات کے ذریعے دیگر اساتذہ کو سکول بند کرنے پر مجبور کیا اور تعلیمی اداروں کے باہر احتجاجی بینر آویزاں کئے اس طرح وہ تعلیمی ایکٹ 2006 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں پیڈا ایکٹ کے تحت جاری شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ اساتذہ 25 اور 26 ستمبر کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر (ایم ای ای)کے روبرو ذاتی حیثیت میں پیش ہوں  بصورت دیگر سخت محکمانہ کاروائی کا آغاز کیا جائے گا۔

مزیدخبریں