احتیاطی تدابیر سے ڈینگی سے بچا جا سکتا ہے،ماہرین صحت

Sep 25, 2024

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)ڈینگی خطرناک نہیں بلکہ لاپرواہی اسے خطرناک بنا دیتی ہے ۔ڈینگی مچھر کے حوالے سے عوام میں آگاہی  پیدا کر نا ناگزیر ہو گیا ہے ۔اگر عوام ڈاکٹروں کی ہدایات اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد کریں تو اس وبائی مرض سے بچا جا سکتا ہے ۔ہر سال ڈینگی بڑھتا جا رہا ہے اس کی بنیادی وجہ معلومات کی کمی اور احتیاطی تدابیر اختیار نہ کر نا ہے ۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ہولی فیملی میں ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں ڈاکٹر محب اللہ،ڈاکٹر ریاض ،ڈاکٹر قیصر،ڈاکٹر آفتاب ،ڈاکٹر اختر،ڈاکٹر عمر،سینئر رجسٹرار ڈاکٹر سفیع اللہ،ہیڈ نرس عظمی شازیہ ،چارج نرس شائستہ اخلاق، صبا  مختیار ودیگر نے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ڈاکٹر عمر اور ڈاکٹر اعجاز بٹ نے مزید کہا کہ ڈینگی مچھر صبح سورج نکلتے وقت اور شام کو سورج ڈھلتے وقت زیادہ حرکت میں آتا ہے ۔لہذا ان اوقات میں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے ۔ عوام پانی کی ٹینکی ،ڈرم ،بالٹی وغیرہ کو ڈھانپ کر رکھیں ۔ڈینگی کے زیادہ تر مریض ٹھیک ہو جاتے ہیں لیکن وائرس کی ایک قسم جو خونی بخار کا باعث بنتی ہے جان لیوا بھی  ہو سکتی ہے۔ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ہولی فیملی ہسپتال میں ایک ہیلتھ ایمرجنسی رسپانس یونٹ قائم کیا گیا ہے جو 24 گھنٹے فعال ہے ۔سیمینار میں سول سوسائٹی،تاجر تنظیموں،شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مزیدخبریں