تجاوزات کی آڑ میں تاجروں سے زیادتی کی اجازت نہیں دینگے،محمدخان تترال

چکوال(نمائندہ خصو صی) پاکستان مسلم لیگ (ق)چکوال کے رہنما محمدخان تترال نے کہا کہ چکوال میں ناجائز تجاوزات کا خاتمہ خوش آئند ہے۔ لیکن ناجائز تجاوزات کی آڑ میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر چکوال کو تاجر بھائیوں سے زیادتی کی ہر گزاجازت نہیں دینگے۔ میں چکوال کے مقامی عوامی نمائندے ایم این اے، ایم پی اے کی خاموشی سے حیران ہوں کہ ان کے شہر چکوال میں ناجائز تجاوزا ت کی آڑ میں تاجر برادری سے اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر نے ایک انتقامی کارروائی کا سلسلہ شروع کررکھاہے اوریہ عوامی نمائندے خاموش کیوں بیٹھے ہیں۔ میں ان سے مطالبہ کرتاہوں کہ اپنی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں سے اس کا مطالبہ کریں کہ چکوال کی انتظامیہ سے یہ بات پوچھیں کہ انہوں نے ہماری مشاورت سے یا تاجر برادری کی مشاورت سے یہ آپریشن شروع کیاہے۔ چکوال انتظامیہ کو تجاوزات کے خاتمے کیلئے شہر کے اندر یہ تشہیر کرناچاہیے تھی کہ تمام تاجر اپنی اپنی حدود میں رہ کر کام کریں جس نے بھی تجاوزات کی اس کا سامان ضبط کرلیاجائے گا لیکن چکوال میں یہ کام نہیں ہوا۔ اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر جس وقت ان کا جی چاہے وہ بازار کی طرف جا کر تاجر برادری کو تنگ کرنا شروع کردیتے ہیں۔ رات کی تاریکی میں ڈکیتیاں تو ہوتی ہیں لیکن تجاوزات کے خاتمے کے آپریشن نہیں ہوتے۔ میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر اور دیگر انتظامیہ کو انتباہ کرتاہوں کہ پرامن شہر چکوال کے حالات اگر خراب ہوئے تو اس کا ذمہ دار اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر چکوال ہونگے۔ اوراپنی تاجر برادری سے اپیل کرتاہوں کہ آپ بھی اپنی اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔ ہم انتظامیہ کو یہ انتقامی کارروائی ہرگز نہیں کرنے دینگے۔ ہم آپ کے کندھے سے کندھا ملا کر آپ کا ساتھ دیں گے۔

ای پیپر دی نیشن