احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل کو نیب تفتیشی افسر پر جرح کے لیے آخری مہلت دے دی۔احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی ، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔وکلاء صفائی نے عدالت سے درخواست کی کہ بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل بیمار اور ڈینگی میں مبتلا ہیں. لہٰذا سماعت ملتوی کی جائے۔نیب وکلاء نے کہا کہ ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی جانب سے 4 وکلاء کے وکالت نامے موجود ہیں. اگر عثمان گل بیمار ہیں تو ان باقی وکلا کو طلب کر کے آخری گواہ پر جرح کرائی جائے۔نیب وکلاء نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے وکلاء صفائی خود آرڈر لائے کہ کارروائی کو آگے بڑھایا جائے. اب جان بوجھ کر سماعت کو التوا میں ڈال رہے ہیں۔عدالت نے وکلاء صفائی کو ہدایت کی کہ آپ کو آخری موقع دیا جا رہا ہے. آئندہ سماعت پر نیب تفتیشی افسر پر جرح مکمل کریں.
190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کی، جہاں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا جب کہ ملزمان کی جانب سے انتظار پنجوتھا، نعیم پنجوتھا ور فیصل فرید چوہدری عدالت میں پیش ہوئے ۔ نیب کی جانب سے سردار مظفر عباسی لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
بعد ازاں عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکلاء کی عدم حاضری پر سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی۔