مجھے ایسے بہکایا گیا کہ میں خود کش حملہ کرنے کیلئے تیار ہو گئی:گرفتار خودکش حملہ آور عدیلہ بلوچ

کوئٹہ: تربت سے گرفتار خودکش حملہ آور عدیلہ بلوچ نے کہا ہے کہ دہشتگرد بلیک میل کر کے بلوچ خواتین کو ورغلاتے ہیں جس کی میں چشم دید گواہ ہوں۔گرفتار خودکش بمبار خاتون عدیلہ بلوچ نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک کوالیفائیڈ نرس ہوں اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا ایک پروجیکٹ چلا رہی ہوں. میرا کام لوگوں کی مدد کرنا اور زندگیاں بچانا ہے، میری بدقسمتی ہے کہ میں ایسے عناصر کے ساتھ رہی جنہوں نے مجھے صحیح راستے سے بھٹکایا۔عدیلہ بلوچ نے کہا کہ مجھے ایسے بہکایا گیا کہ میں خود کش حملہ کرنے کیلئے تیار ہو گئی.میں نے یہ بھی نہیں سوچا کہ میرے خودکش حملے کرنے سے کتنے معصوم اور بے گناہ لوگوں کی جان چلی جائے گی۔گرفتار خودکش حملہ آور کے مطابق مجھے دہشتگردوں کی جانب سے ایک نئی اور خوشگوار زندگی کے سبز باغ دکھائے گئے. میں اپنے گھر والوں کو بتائے بغیر دہشتگردوں کے پاس پہاڑوں میں چلی گئی. وہاں جا کر مجھے احساس ہوا کہ یہاں مشکلات اور سخت زندگی کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔عدیلہ بلوچ نے کہا کہ میرے علاوہ وہاں اور بھی بہکائے ہوئے بلوچ نوجوان موجود تھے. دہشتگردوں کی جانب سے یہ تاثر دینا کہ بلوچ خواتین اپنی مرضی سے خود کش حملہ کرتی ہیں سراسر جھوٹ ہے، دہشتگرد بلیک میل کرکے بلوچ خواتین کو ورغلاتے ہیں. جس کی میں چشم دید گواہ ہوں۔گرفتار خودکش حملہ آور کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے غلط راستے پر چلنے کا احساس تک نہیں ہوا.میرا بلوچ نوجوان کیلئے پیغام ہے کہ جو غلطی میں نے کی ہے آپ نہ کریں، اس میں صرف ہمارا نقصان اور نہ ہی ایسے کاموں سے کوئی آزادی ملتی ہے۔عدیلہ بلوچ نے مزید کہا کہ جن لوگوں سے میں ملی ہوں اگر ایسے لوگ آپ کو ملیں تو اپنے والدین کو ضرور بتائیں. یہ راستہ بربادی کا راستہ ہے اپنے آپ کو خود کش حملے میں استعمال کرکے مارنا حرام راستہ ہے. میں نہیں چاہتی کہ بلوچ نوجوان غلطی کریں جو میں نے کی۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایک بڑی کامیابی ملی ہے. جس میں انہوں نے ضلع کیچ کے شہر تربت سے خاتون خود کش بمبار گرفتار کرلیا. گرفتار خاتون خودکش بمبار کی شناخت عدیلہ بلوچ کے نام سے ہوئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ گرفتاری کے وقت عدیلہ بلوچ تربت ٹیچنگ اسپتال میں نرس کے طور پر کام کر رہی تھی، عدیلہ بلوچ کی گرفتاری قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک محنت اور فعال انٹیلی جنس کا ثبوت ہے۔عدیلہ بلوچ کا گرفتار ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد کیلئے بلوچ خواتین کا استعمال کر رہے ہیں، عدیلہ بلوچ کی جانب سے کی جانے والی گفتگو بلوچ نوجوان کیلئے واضح پیغام ہے کہ وہ بلوچستان کی ترقی کا راستہ اپنائیں .نا کہ دہشتگردوں کا بربادی کا راستہ اپنائیں۔

ای پیپر دی نیشن