آئی اے ای اے نے پاکستان کے نیوکلیئر سیفٹی اور سیکیورٹی اقدامات کوسراہتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس سلسلے میں جاری تعاون مزید وسعت اختیار کرے گا۔ نیوکلیئرسیفٹی اورسکیورٹی پرمنعقدہ سیمینارکےموقع پرغیرملکی خبررساں ایجنسی سے گفتگومیں آئی اے ای اے کے ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل ڈینس فلوری نے پاکستان کے نیوکلیئرسیفٹی اور سیکیورٹی اقدامات کوسراہا۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی ماہرین آزادانہ اور ذمہ دارانہ انداز میں نیوکلیئر سکیورٹی اینڈ سیفٹی کا بہترین معیار قائم رکھے ہوئے ہیں جو قابل تعریف ہے۔ ان کا کہناتھا کہ عالمی ادارہ ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کے لیے قومی ذمہ داری کی اہمیت پرزوردیتا ہے جس پرپاکستان سنجیدگی سے عمل پیرا ہے۔ پاکستان میں دوہزارچھ سے مضبوط جوہری سیکیورٹی کے ایکشن پلان پرعمل کیا جارہا ہے جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ پاکستان نیوکلیئرسیکیورٹی فنڈ کیلئے گیارہ لاکھ ساٹھ ہزار ڈالر فراہم کررہا ہے جو اس فنڈ میں اتنی بڑی رقم جمع کرانے والا دسواں بڑا ملک ہے۔