لیبیا کے سرکاری ٹی وی کے مطابق نیٹو کے جاری آپریشن میں بڑے پیمانے پر شہری ہلاکتیں ہونے کے ساتھ ساتھ فوجی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ٹی وی نے لیبیا کے مختلف مقامات پر لگی آگ کے مناظربھی دکھائے۔ ادھر اٹلی میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیٹو آپریشنز کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل چارلس بوچرڈ کا کہنا تھا کہ معمر قذافی کی حامی فورسز عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طورپراستعمال کررہی ہیں جبکہ وہ خواتین اوربچوں پرتشدد سے بھی نہیں گھبراتیں۔ جنرل چارلس کا کہنا تھا کہ ہمارا مشن اس ظلم کو روک کر لیبیا میں مذاکرت کی فضا قائم کرنا ہے تاکہ عوام اپنی مرضی سے ملک کی قسمت کا فیصلہ کرسکیں۔ نیٹو کمانڈر نے اب تک کے آپریشن کے دوران ہونے والی ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد بتانے سے گریز کیا۔