سرگودھا (نمائندگان) وفاقی حکومت نے ڈی پی او سرگودھا ڈاکٹر محمد رضوان کا تبادلہ دوبارہ بلوچستان کر دیا ہے، ٹیچر تشدد کیس میں انتقامی طور پر 5مارچ 2011ءکو ڈی پی او سرگودھا کو وفاقی حکوت نے گلگت بلتستان تبدیل کر دیا تھا۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ افتخار محمد چودھری نے از خود نوٹس کی سماعت کے دوران حکم دیا کہ وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز ایسی پالیسی بنا کر عدالت میں پیش کریں کہ آئندہ کسی سرکاری آفیسر کا سیاسی بنیاد پر تبادلہ نہ ہو سکے۔ 13مارچ کو پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت کو خط لکھا کہ پنجاب حکومت ڈی پی او ڈاکٹر رضوان کو ریلیو نہیں کریگی۔ اب دوبارہ وفاقی حکومت نے ڈی پی او سرگودھا ڈاکٹر محمد رضوان کا تبادلہ بلوچستان کر دیا ہے، دوسری طرف ڈ ی پی او سرگودھا کے دوبارہ انتقامی تبادلے پر سرگودھا کے تمام مکاتب فکر کے لوگوں میں تشویش کی لہر پائی جا رہی ہے اور مختلف مکاتب فکر کی تنظیموں کے رہنماﺅں نے وفاقی حکومت کی طرف سے ڈی پی او کے انتقامی تبادلے کے خلاف احتجاجی تحریک کا اعلان کیا ہے۔