جعفر آباد(اے پی پی) جمہوری وطن پارٹی بلوچستان کے صدر میر نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ ان کی جماعت 11 مئی کے انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ پی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جعفر آباد کے نواحی علاقے پنجابی ڈپ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت جمہوری اداروں کے استحکام اور پارلیمانی سیاست پر مکمل یقین رکھتی ہے اور 11 مئی کو ہونے والے عام انتخابات میں ان کی جماعت بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ظالمانہ اقدام سے عظیم بلوچ رہنما نواب اکبر بگٹی شہید ہوئے اور بگٹی قبیلے کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کو علاقہ بدر کر دیا گیا۔ انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 27 اپریل کو بڑی تعداد میں مہاجر بگٹیوں کا قافلہ ڈیرہ بگٹی پہنچے گا اور نواب اکبر بگٹی کا قلعہ دوبارہ آباد کیا جائے گا۔ میر شاہ زین نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بگٹی قبائل کے اپنے علاقے میں آبادکاری کیلئے تعاون کریگی۔
جمہوری وطن پارٹی جمہوری اداروں کے استحکام پر یقین رکھتی ہے:شاہ زین
Apr 26, 2013