کوئٹہ( اے پی پی) نگران وفاقی وزیر ریلوے ڈاکٹر عبدالمالک کاسی نے کہا ہے کہ نگراں حکومت ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے گی۔ عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے کوئٹہ ایکسپریس کو دوبارہ چلایا جارہا ہے۔کوئٹہ تفتان اور لاہور شاہدرہ ریل سروس سے محکمے کو ساڑھے پانچ کروڑ روپے ماہانہ خسارہ براداشت کرنا پڑرہا ہے تاہم لوگوںکی سہولیات کے پیش نظر اس نقصان کو برداشت کیا جارہا ہے۔ریلوے ملازمین کے تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں ایک سال سے بند کوئٹہ ایکسپریس کو دوبارہ چلانے کی مناسبت سے منعقدہ افتتاحی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر عبدالمالک کاسی نے کہا کہ نگران حکومت نے ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کا جو وعدہ کیا وہ ہر حال میں پورا کرینگے۔انشاءاللہ پر امن طور پر عوام اپنے امیدواروں کے حق میں ووٹ دینگے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لاہور روٹری ڈبل ٹریک پر کام شروع کیا جارہا ہے علاوہ ازیں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت ٹرین چلانے اور نئے انجن خریدے جارہے ہیں عوام کو بہتر سفری سہولیات مل سکیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریلوے اراضی پر جہاں جہاں بھی قبضہ کیا گیا ہے وہ ختم کرینگے اور ہماری کوشش ہے کہ ٹرینیں اپنے مقررہ وقت پر مسافروں کواپنی منزل پر پہنچائیں۔