اسلام آباد(ثناءنیوز) یورپی یونین کے الیکشن مبصرین نے کہا ہے کہ پاکستان میں شفاف اور پرامن انتخابات کے عمل کو بڑی باریک بینی کے ساتھ مانیٹر کر رہے ہیں۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے الیکشن تحفظات اور خدشات اپنی رپورٹ میں شامل کرینگے۔ ہم غیرجانبدار رہ کر پاکستان میں انتخابی عمل کے تمام پہلوﺅں کا آن دی سپاٹ جائزہ لے رہے ہیں اور اپنے مینڈیٹ کے مطابق اصل زمینی حقائق کو ہر سطح پر آشکار کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار یورپی یونین کے الیکشن مبصرین کے ایک وفد نے آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت یورپی یونین کے لانگ ٹرم الیکشن آبزرور مسٹر سرل (Mr. cyril colanovich) اور مس روٹا اولیٹے (Ms.Ruta avulyte) کر رہے تھے۔ ڈاکٹر محمد امجد نے مبصرین کو پرویز مشرف کے ساتھ رواں رکھے جانےوالے ناروا سلوک ان کی بے توقیری اور انہیں قید تنہائی میں رکھنے سمیت پارٹی کو انتخابی مہم کے حوالے سے درپیش مشکلات اور بعض قوتوں کی جانب سے حلقہ این اے 49 میں اے پی ایم ایل کے انتخابی دفتروں کے جلاﺅ، گھیراﺅ اور انتخابی بینرز چھریوں کے ساتھ چاک کرنے سمیت پارٹی کے رہنماﺅں اور کارکنوں کو حراساں کرنے اور ان پر تشدد کے حوالے سے اپنے تحفظات اور خدشات سے آگاہ کیا۔ اے پی ایم ایل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے انتخابی مبصرین کو بتایا کہ تمام تر مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود آل پاکستان مسلم لیگ نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ نہیں کیا۔