پاکپتن ‘لودھراں ، وہاڑی (نامہ نگاران) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے زرداری نوازشریف اندر سے بھائی بھائی ہیں، مال بنانے میں نوازشریف نے زرداری کا سا تھ دیا۔ نوازشریف کا بیان ہے زرداری کو پیپلز پارٹی وا لے چھوڑ بھی دیں تو میں تمہارے ساتھ ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکپتن میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔ جلسہ میں امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی میاں احمد رضا خاں مانیکا، میاں محمد امجد جوئیہ، را¶ نسیم ہاشم خان، میاں مظہر فرید وٹو، خان امیر حمزہ رتھ، میاں مظہر شریف ہانس، چودھری نعیم ابراہیم کے علاوہ ریاض اشد نیازی، فرحان خان موجود تھے۔ عمران خان نے کہا نوازشریف کو بار بار مناظرے کی دعوت دے رہا ہوں، وہ بزدل آدمی ہیں۔ انہوں نے کہا پرانی جماعتیں نوجوانوں کا مقابلہ نہیں کر سکتیں۔ میاں برادران پٹواریوں کی مدد سے جلسے کراتے رہے۔ آج ان کے جلسے ناکام ہو رہے ہیں، نوازشریف جعلی سروے کراتے رہے فیصلہ عوام دے چکے ہیں، میرا وعدہ ہے ملک سے کرپشن ختم کر دونگا میری پہلی ہی گیند پر وکٹ اڑ جانی ہے۔ میاں برادران نے بجلی کی پیداوار کے لئے کچھ نہیں کیا۔ تحریک انصاف بلدیاتی نظام لائے گی جس سے عوام غلامی سے آزاد ہو جائیں گے۔ ترقیاتی فنڈ براہ راست دیہات کی سطح پر دئیے جائیں گے۔ عوام کو مسائل کے حل کے لئے درخواستیں لیکر کسی ایم این اے یا ایم پی اے کے ڈیروں کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔ کوئی ایم پی اے یا ایم این اے اپنا تھانےدار نہیں لگوا سکے گا۔ 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہندوستان اور ہمارا ایک جیسا ہی موسم ہے وہ ہم سے دوگنی پیداوار حاصل کر رہا ہے اس کی وجہ صرف یہ ہے وہاں کی حکومت کسانوں کی مدد کرتی ہے، انہوں سبسڈائز زرعی ادویات، بیج، کھادیں اور مالی معاونت کر دیتی ہے۔ کسانوں کی مدد سے نیا پاکستان بنائیں گے جس میں چھوٹے کسانوں کو سستی بجلی، کھادیں، زرعی ادویات دیں گے۔ انہوں نے کہا شہر فریدؒ کے باسیوں کو نئے پاکستان کی مبارک دیتا ہوں، گیارہ مئی کی شام کو سب مل کر آزادی کا جشن منائیں گے۔ قبل ازیں جلسہ سے این اے 165 سے امیدوار میاں احمد رضا مانیکا نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکپتن کے باشعور شہریوں نے (ن) لیگ کے جلسہ میں شرکت نہ کر کے یہ فیصلہ دے دیا ہے شہری نیا پاکستان بنانا چاہتے ہیں اور تحریک انصاف کے ساتھ ہیں۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق عمران خان نے کہا اب پنجاب کے لوگ فیلصہ کر چکے ہیں وہ آپ کو بار بار حکمران بنا چکے آپ لوگوں کو آزما چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا نوازشریف جعلی سروے کراتے رہیں عوام فیصلہ کر چکے ہیں، اب عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔ شہباز شریف کو جنگلا بس کی بجائے بجلی بنانے پر توجہ دینی چاہئے تھی۔ عمران خان نے کہا میاں صاحبان جعلی سروے کرواتے رہیں عوام تحریک انصاف کو اقتدار میں لانے کا فیصلہ کر چکے۔ ملک میں مسائل کی اصل جڑ کرپشن ہے، اقتدار میں آ کر کرپشن کا خاتمہ کر دیں گے۔ ایک دن ایسا آئے گا بیرون ممالک کے افراد پاکستان میں نوکریاں ڈھونڈنے آئیں گے۔ ہم اپنے چھوٹے کسان کو اٹھائیں گے، پیسہ بنانے کا موقع دیں گے اور پیداوار کا پورا منافع فراہم کریں گے۔ نئے پاکستان میں سب سے پہلے کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا جائے گا۔ ان کا ک ہنا تھا مسلم لیگ (ن) گذشتہ پانچ باریوں میں قوم کو بجلی کے بحران سے نجات نہیں دلا سکی، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف جنگلہ بس سروس کی بجائے قوم کو بجلی بحران سے نجام دلانے کے لئے کام کرتے۔ پہلی گیند پر نوازشریف کی وکٹ گرا دوں گا۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وہاڑی، لودھراں میں جلسوں، ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا عدل اور انصاف کا نظام قائم کریں گے، نہ جھکے ہیں نہ جھکیں گے، لیڈر کبھی بزدل نہیں ہوتا۔ عمران خان کا کہنا تھا بلے سے سرکس کے شیروں کو پھینٹا لگنے والا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر نوازشریف کو مناظرے کی دعوت دے دی۔ عمران خان کا کہنا تھا سو شیروں کی فوج کا سردار گیدڑ ہو تو وہ ہار جائے گا، اقتدار میں آ کر پٹواری سسٹم ختم کر دیں گے۔ وعدہ کرتا ہوں عوام کو کسی کے سامنے جھکنے نہیں دیں گے جو ا یم این اے بنتا ہے وہ اپنی مرضی کا تھانےدار لگا دیتا ہے۔ اللہ نے مجھے سب کچھ دیا اب نوجوانوں کی جنگ لڑ رہا ہوں، پہلے بلے سے چھکا لگاتا تھا اب پھینٹا لگا¶ں گا۔ عمران خان نے کہا کہ 11 مئی کو پاکستان کی سڑکوں پر آزادی کا جشن منایا جائے گا۔ اقتدار میں آ کر فوری طور پر لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کریں گے۔ شریف برادران تھانوں اور کچہری کی سیاست کرتے ہیں۔ شریف برادران کی سیاست کا خاتمہ ہونے والا ہے، نیا پاکستان بنانے جا رہے ہیں جس میں ظالمانہ نظام کا خاتمہ ہو جائے گا۔ پاکستان میں سیاست کرنے والوں نے دن رات عوام کو لوٹا، نوجوان جانتے ہیں عمران خان جوڑی توڑنا جانتا ہے۔ لودھراں سے نامہ نگار کے مطابق عمران خان نے کہا حکومت میں آ کر 3 ماہ کے بعد بلدیاتی الیکشن کرائیں گے اور ایسا نظام ہو گا جس میں گا¶ں کے لوگ ہی اپنا سکول، اپنی ڈسپنسری چلائیں گے، نئے پاکستان میں تھانہ، کچہری، پٹواری کی سیاست ہمیشہ کے لئے ختم کر دیں گے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) نے پانچ مرتبہ حکومت کی۔ پولیس ان کے ماتحت تھی۔ اس طرح سکول، ہسپال ان کے نیچے تھے، کیا ان کا نظام ٹھیک ہوا۔ پنجاب حکومت اپنی بجلی بھی خود پیدا کر سکتی تھی، کیا لوڈ شیڈنگ میں کمی ہوئی، نوازشریف نے مناظرہ کرنے کا حوصلہ کیا تو ایک سوال پوچھوں گا 5 مرتبہ حکومت کر کے کچھ نہیں کیا چھٹی مرتبہ کیا کرو گے۔