زاہد اقبال‘ مظہر حیات کو سزائیں دونوں گرفتار‘ ندیم سرور‘ سبطین شاہ کو الیکشن لڑنے کی اجازت

Apr 26, 2013

لاہور+ ساہیوال+ قصور (وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگاران+ ایجنسیاں) دوہری شہریت کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساہیوال مشتاق تارڑ نے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے چوہدری زاہد اقبال کو 15ماہ قید اور 5ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنا دی۔ پولیس نے اُنہیں کمرہ عدالت سے ہی گرفتار کر لیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قصور طارق افتخار احمد نے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے راﺅ مظہر حیات کو جعلی ڈگری اور دیگر جعلی دستاویزات داخل کرنے پر 2 برس قید اور 20 ہزار جرمانہ کی سزا سنائی۔ انہیں فوری گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے اسلم مڈھیانہ کے داماد کو صوبائی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ ہائیکورٹ کے تین رکنی فل بنچ نے سابق ایم این اے گلزار سبطین کو الیکشن میں حصہ لینے کیلئے مشروط اجازت دے دی۔ فل بینچ نے گلزار سبطین کو الیکشن میں حصہ لینے کی مشروط اجازت دیتے ہوئے الیکشن کمیشن اور پولیس سے مقدمات کا ریکارڈ 29اپریل کو طلب کر لیا۔ سپریم کورٹ نے پی بی 16 لورالائی سے محمد خان طور کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ محض جعلی ڈگری کے الزام پر الیکشن لڑنے سے نہیں روکا جا سکتا۔ ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر رانا فاروق سعید خان کے ٹیکس نادہندگی نااہلی کیس کی سماعت 29اپریل تک ملتوی کر دی۔ رانا فاروق سعید کے بھائی نے عدالت کو بتایا کہ رانا فاروق سعید نے اسکی جائیداد اور کاروبار پر قبضہ کر لیا۔ اسی حلقے کے اقلیتی ووٹر نے بتایا کہ رانا فاروق سعید نے انکے اہل خانہ کو گھروں سے بیدخل کر کے انکی زمینوں اور جائیداد پر قبضہ کر لیا۔ مسٹر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دیئے کہ کیا ایسا فرد پارلیمنٹ کا ممبر بننے کا اہل ہے کہ جس کے سامنے اس کا بھائی نااہلی کے ثبوت لیکر کھڑا ہو اور اقلیتی لوگ شور و غل کر رہے ہوں؟ اتنے دنوں سے آئینی درخواستیں سن رہے ہیں مگر اس کیس میں سنگین الزامات ہیں، عدالت دیکھنا چاہے گی کیا یہ الیکشن لڑ سکتا ہے کہ نہیں؟ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت منظور ہونے پر مسلم لیگ ن کے سابق رکن صوبائی اسمبلی چودھری رضوان گل کو ڈسٹرکٹ جیل سے رہا کر دیا گیا۔ انہیں جعلی ڈگری کیس میں سیشن جج نے سزا سنائی تھی جسے لاہور ہائیکورٹ کے ڈبل بنچ نے معطل کر دیا۔ 

مزیدخبریں