اقلیتوں کو دوہرے ووٹ کا حق ق لیگ نے دیا: پرویز الٰہی

Apr 26, 2013

گجرات (نامہ نگار) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ اقلیتوں کیلئے دوہرے ووٹ کا حق، تعلیمی اداروں کی واپسی، چرچز کی مرمت اور ریکارڈ ترقیاتی فنڈز مسلم لیگ کے تاریخی کام ہیں، ہمارے دور کی خوشحالی واپس لانے اور ترقی کا پہیہ چلانے کیلئے سائیکل پر مہر لگائیں کیونکہ ترقی کا پہیہ چلے گا تو ملک ترقی کرے گا۔ وہ حلقہ این اے 105 میں اقلیتی برادری کے بہت بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کا ہمیں شروع سے ہی بہت خیال اور ان کے مسائل کا احساس ہے، مشکل حالات میں بھی انہوں نے ہمارا ساتھ دیا جسے ہم فراموش نہیں کر سکتے۔ چودھری شجاعت اور میں نے ایف سی کالج سے تعلیم حاصل کی جو اب بہترین یونیورسٹی ہے ہم نے اسے اصل شکل میں لانے کیلئے 40 کروڑ روپے کے فنڈز دئیے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ پنجاب میں اقلیتوں کیلئے وزارت ہم نے پہلی بار رکھی اور ملازمتوں میں کوٹہ دیا جبکہ ن لیگ کی حکومت کے اقلیتی برادری کے ساتھ ناروا سلوک کے ثبوت گوجرہ، قصور، سیالکوٹ اور بادامی باغ کے واقعات ہیں جو شہبازشریف کی بیڈ گورننس کا منہ بولتا ریکارڈ ہیں، شہبازشریف نے جوزف کالونی کے متاثرین کو جو چیک دیئے تھے وہ آج تک کیش نہیں ہوئے، صحت اور تعلیم کے فنڈز بھی شہباز شریف نے جنگلہ بس پر لگا دیئے جس سے ان دونوں شعبوں میں بھی برا حال ہے، ہمیں دوبارہ موقع ملا تو واپس آکر ہم سارے معاملات ٹھیک کر دیں گے، گجرات یونیورسٹی جیسی مزید یونیورسٹیاں، کارڈیالوجی ہسپتال اور عوامی فلاح کے ادارے بنائیں گے۔ سابق وفاقی وزیر مملکت اکرم مسیح گل اور فادر طارق بھٹی نے کہاکہ چودھری شجاعت حسین وہ پہلے سیاستدان تھے جو سانحہ گوجرہ پر یکجہتی کیلئے پہنچے۔ 

مزیدخبریں