لاہور+ فیصل آباد (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے سیاسی و مذہبی جماعتوں اور تنظیموں کے زیراہتمام ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ قوم کو بھارتی و امریکی سازشوں سے آگاہ کرنے کیلئے مذمتی قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پاکستانی عوامی تحریک کے زیراہتمام ریلی نکالی گئی۔ مقررین نے کہا کہ فوج اور آئی ایس آئی کے ادارے ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ دریں اثناءامیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہا کراچی میں حامد میر پر قاتلانہ حملہ کے بعد بغیر تحقیق کے پاکستان کی افواج اور اداروں کو مورد الزام ٹھہرایا گیا۔ اس کے پس منظر میں پاکستان کے دشمن ہیں جو مشرقی پاکستان کے بعد باقی پاکستان کی بھی تباہی چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ بھارت، امریکہ و ملک دشمنوں کے مقابلہ میں کبھی بھی افواج پاکستان یا آئی ایس ائی کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ حافظ سعید کا کہنا تھا افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا آئین کی خلاف ورزی ہے۔ حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا امریکہ اور اس کے اتحادی پاکستانی فوج کو اپنا سب سے بڑا دشمن سمجھتے ہیں۔ وہ افغانستان میں اپنی شکست کا انتقام لینے کیلئے فوج اور عوام کے مابین نفرتیں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ مولانا امیر حمزہ نے کہا اس وقت نفرتیں پیدا کرنے والے پراپیگنڈے ختم کرنے ، ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنے اور قوم کو دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنا کر کھڑا کرنے کی ضرورت ہے۔ دریں اثناءچیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر قومی سلامتی کے اداروں کو بدنام کرنے کی مہم کے خلاف اور افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ملک گیر ”یومِ حمایت افواج پاکستان“ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات میں حامد میر پر حملے اور دفاعی اداروں کی کردار کشی مہم کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سنی تحرےک کے زےراہتمام فےصل آباد کے تارےخی گراﺅنڈ دھوبی گھاٹ مےں عظےم الشان شب زکر رسول کانفرنس سے سنی تحرےک کے مرکزی امےر صاحبزادہ بلال سلےم قادری نے کہا قومی اداروں کے خلاف پروپےگنڈہ پر حکومتی خاموشی شرمناک ہے۔ سنی تحریک کے زیراہتمام بھی پاک فوج کے حق میں مظاہرہ اور ریلی نکالی گئی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کی خصوصی ہدایات پر ملک بھر کی طرح گوجرانوالہ میں بھی پاک فوج کے حق میں ریلیاں اور جلسے منعقد کئے گئے اس موقع پر ڈویژنل صدر سنی تحریک محمد زاہد حبیب قادری نے کہاکہ ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کےلئے تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ لالہ موسیٰ سے نامہ نگار کے مطابق پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی ریلوے سٹیشن چوک سے مین بازار چوک تک نکالی گئی۔ شےخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق تحریک منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان عوامی مسلم لیگ کے زیر اہتمام ملکی تحفظ اور افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلئے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو پریس کلب سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے ہوتی واپس پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ننکانہ صاحب سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق عوامی تحریک ضلع ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام فوج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک ریلی زیر قیادت رائے محمد اقبال کھرل ایڈووکیٹ نکالی گئی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق حافظ سعید احمد نے کہا ہے پا کستان میں ٹارگٹ کلنگ خودکش دھماکو ں اور بدامنی کے پیچھے امریکہ بھارت کا ہاتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ رات سول لا ئن کے علا قہ میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونیوالے جماعت الدعوة کے سرگرم رکن محمد ایوب کی نماز جنازہ پڑھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق آئی ایس آئی سے اظہار یکجہتی کیلئے پریس کلب قصور میں مظاہرہ کیا گیا جس میں پاکستان عوامی تحریک ضلع قصور اور آل پاکستان مسلم لیگ کے عہدیداروں اور کارکنو ں نے شرکت کی۔
پاک فوج سے اظہار یک جہتی کیلئے ملک بھر میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مظاہرے
Apr 26, 2014