کراچی (نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ میں خیریت سے ہوں ، عوام پریشان نہ ہوں، عدالتوں سے نمٹ لیں گے، میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا جو کچھ کیا ہے پاکستان کیلئے کیا، سب کو ملک کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ کراچی میں اپنے حق میں نکالی گئی ریلی سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں ریلی میں شرکت کرنیوالے تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں، عدالتوں میں جو کچھ ہورہا ہے وہ سب کے سامنے ہے ، ہم عدالتوں سے بھی نمٹ لیں گے، کارکن پریشان نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ اسوقت پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے سب کو ملک کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ اپنے اوپر قائم مقدمات کا عدالتوں میں بھرپور دفاع کررہا ہوں۔ ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں خواتین، بچے، نوجوان اور بزرگ شریک تھے۔ مظاہرین نے پرویز مشرف کے حق میں نعرے بازی کی۔ انہوں نے کہا کہ میرا بہت خیال رکھا جارہا ہے اور میری طبیعت میں بہتری آرہی ہے۔
عوام پریشان نہ ہوں، عدالتوں سے نمٹ لیں گے: مشرف
Apr 26, 2014