مشرف سے ملاقات، ہمیشہ فوج کا ساتھ دیا، آئندہ بھی دینگے: پگارا

Apr 26, 2014

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیرپگارا نے سابق صدر پرویز مشرف کے گھر جاکر ان کی عیادت کی اور جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔ پیر گارا نے کہا کہ پرویز مشرف کی عیادت کرنا ان کی اخلاقی ذمہ داری تھی جو پوری کی، امید ہے کہ سابق صدرجلد صحت یاب ہوجائیں گے۔ ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پیر پگارا کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ مسلح افواج کا ساتھ دیا آئندہ بھی دیں گے۔ ان کا کہنا  تھا کہ حامد میر پر حملے کے ذمہ داروں کو بے نقاب کرنا حکومت سندھ کی ذمہ داری ہے۔ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے ملکی سلامتی ،مجموعی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر پیر پگاڑا نے کہا کہ پرویز مشرف سے میرے والد بڑے پیر پگاڑا صاحب کے ذاتی تعلقات تھے۔ میں ایک سیاسی جماعت کے سربراہ کی حیثیت سے سابق صدر پرویز مشرف کا احترام کرتا ہوں، اسی وجہ سے میں سابق صدر کی مزاج پرسی کے لئے آیا تھا۔ دریں اثناء پیرپگارا نے کہا ہے کہ مسلح افواج کی دہشت گردی کے خاتمے اور دفاع میں ناقابل فراموش قربانیاں ہیں ۔پوری قوم ان قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ آئی ایس آئی ملک کے دفاع اور سالمیت میں فرنٹ لائن کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈا اور میڈیا ٹرائل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ حر جماعت اور مسلم لیگ (فنکشنل) مسلح افواج اور آئی ایس آئی کے ساتھ ہے۔ بھارت میں اس وقت انتخابی عمل جاری ہے وہاں پاکستان کی مسلح افواج اور خصوصاً آئی ایس آئی پر شدید تنقید کی جا رہی ہے کسی صورت اسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ پروپیگنڈا کو فوری روکا جائے۔

مزیدخبریں