واجبات عدم ادائیگی پر ڈپٹی سپیکر، 4 صوبائی وزراء کے گیس کنکشن کاٹ دیئے گئے

Apr 26, 2014

لاہور(نیوزرپورٹر)سوئی نادرن گیس لاہور ریجن نے لاکھوں روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر گزشتہ روز ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سمیت 4صوبائی وزراء کی سرکاری رہائش گاہوں کے گیس کنکشن منقطع کر دئیے۔ سوئی ناردرن لاہور ریجن کی چھاپہ مار ٹیم نے گزشتہ روز دس لاکھ46ہزار روپے کی نادہندگی پرڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی شیر علی گورچانی کی سرکاری رہائشگاہ، پانچ لاکھ 30ہزار روپے کی نادہندگی پر صوبائی وزیر کو آپریٹو اقبال چنڑ، 11لاکھ 36ہزار روپے کی نادہندگی پرصوبائی وزیر جیل خانہ جات عبدالوحید چوہدری کی سرکاری رہائشگاہ کا گیس کنکشن کاٹ دیا،کمشنر ہائوس لاہور کے ذمہ ساڑھے تین لاکھ، ڈی آئی جی سول لائن آفس کے ذمہ40لاکھ 29ہزار روپے، سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کے ذمہ 28لاکھ روپے کی عدم ادائیگی پر گیس کنکشن بھی کاٹ دئیے، ڈھائی لاکھ روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر پولیس ٹریننگ سنٹر فیروز پور روڈ،45لاکھ روپے کی نادہندگی پر پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ کیمسٹری اور 4لاکھ روپے کی عدم ادائیگی پر تھانہ قلعہ گجر سنگھ کا گیس کنکشن منقطع کر دیا گیا۔ سوئی ناردرن کے دیگر نادہندگان میںصوبائی سیکرٹری عبد الجبار شاہین، ڈی سی او ہائوس لاہور آئی جی ہائوس، آئی جی آفس، ڈی آئی جی سپیشل برانچ اور ڈی آئی جی کرائمز بھی شامل ہیں۔ ان کی رہائش گاہوں میں لاہور ریجن کی ٹیموں کو داخل نہیں ہونے دیا گیا جس کی وجہ سے ان کے کنکشن منقطع نہیں ہو سکے۔

مزیدخبریں