دال ماش، مونگ، تازہ دودھ سمیت 7اشیاءکی قیمتیں بڑھیں: ادارہ شماریات

Apr 26, 2014

اسلام آباد (اے پی اے) وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گذشتہ ہفتے کے دوران ضروری اشیاءکی قیمتوں میں ایک فیصد کمی ہوئی۔ جس کے بعد ہفتہ وار مہنگائی کی شرح دس فیصد سے نیچے آ گئی۔ ٹماٹر کی قیمت ایک ہفتے میں سات روپے کلو کم ہوئی۔ دال ماش، دال مونگ، تازہ دودھ سمیت سات اشیاءکی قیمتیں بڑھیں۔ لہسن، پیاز، گندم ، زندہ مرغی، دال مسور اور چینی سمیت سترہ اشیاءمیں کمی جبکہ پٹرول ، بکرے اور گائے کے گوشت سمیت انتیس اشیا میں استحکام رہا۔ کم آمدن والے طبقہ کے لئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 1.24 فیصد کمی کے ساتھ 202.60 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا۔ 24 اپریل کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران 8 ہزار روپے ماہانہ آمدنی والے طبقہ کے لئے افراط زر میں 1.24 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس طبقہ کے لئے گزشتہ ہفتہ کے دوران قیمتوں کا حساس اشاریہ 205.15 پوائنٹس تھا۔ کمبائنڈ گروپ کے لئے ایس پی آئی 0.98 فیصد کمی کے ساتھ 210.62 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو پچھلے ہفتہ 212.71 پوائنٹس تھا۔ مختلف آمدنی کے حامل گروپوں 8001 روپے سے 12000 روپے اور 12001 سے 18000 روپے ماہانہ آمدنی والے گروپوں کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.10 فیصد اور 0.14 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ 18001 روپے سے 35000 روپے ماہانہ آمدنی والے گروپ کے لئے ایس پی آئی کے ردوبدل 0.08 فیصد جبکہ 35000 روپے سے زائد ماہانہ آمدنی والے طبقہ کے لئے 0.87 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

مزیدخبریں