ایفبی آر نے الیکٹرانک ریٹرن فائلنگ سسٹم تیار کر لیا

Apr 26, 2015

کراچی(کامرس رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے الیکٹرانیکلی ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا نیا سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ایف بی آر کے سینئر افسر نے بتایا کہ ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے ای فائلنگ کو سادہ و آسان بنانے کے لیے نیا الیکٹرانک ریٹرن فائلنگ سسٹم تیار کرلیا ہے جو منظوری کے لیے ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سسٹم کا بنیادی مقصد ٹیکس دہندگان کے تحفظات دور کرنا ہے اور ای فائلنگ میں ٹیکس دہندگان کو درپیش پیچیدگیوں کو دور کرکے سادہ و آسان نظام متعارف کرانا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے وزارت خزانہ کی جانب سے ایف بی آر کو ہدایت کی گئی تھی جس پر یہ نیا سسٹم تیار کیا گیا ہے، ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل سے منظوری کے بعد یہ سسٹم حتمی آرا کے لیے پیش کیا جائے گا اور اس کے بعد اس سسٹم کے اطلاق کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ای فائلنگ سسٹم کے تحت ٹیکس دہندگان کے لیے ای فائلنگ کا ریٹرن فارم بھی سادہ بنایا جارہا ہے۔

مزیدخبریں