لاہور (کامرس رپورٹر) منی لانڈرنگ‘ حوالہ اور ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار سے دہشت گردوںکو فائدہ پہنچتا ہے۔ اس ناسور نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا یا ہے تاہم نیشنل بنک کی ایکسچینج کمپنی نے خلیجی ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کو قانونی طریقہ سے اپنی رقوم بھجوانے کیلئے مختلف سکیمیں متعارف کرائی ہیں اور اس وقت نیشنل بنک کے ذریعے پاکستان میں سالانہ 1 ارب 60 کروڑ ڈالر کی بیرونی ترسیلات آ رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل بنک ایکسچینج کمپنی کے سربراہ اور سینئر ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ خالد بن شاہین نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کل بیرونی ترسیلات سالانہ 17ارب ڈالر سے زائد ہیں جن میں 70فیصد حصہ خلیجی ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کا ہے۔