8 بجے دکانیں بند‘ اسلام آباد کے تاجروں کا 28 اپریل کو ہڑتال کا اعلان

Apr 26, 2015

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری نے ایک ہنگامی اجلاس میں اتفاق رائے سے اسلام آباد میں زبردستی رات 8 بجے دکانیں  بند کرانے کے حکومتی فیصلے کیخلاف پورے اسلام آباد میں 28 اپریل کو مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے فیصلے پر نظرثانی نہ کی تو تاجر اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے آئندہ اجلاس میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی انرجی کرائسس کمیٹی کو چاہیے تھا کہ یکطرفہ فیصلہ کرنے سے پہلے تاجر نمائندوں سے مشاورت کر لیتی۔ اجلاس میں انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ، مرکزی انجمن تاجران اسلام آباد کے صدر محمد کاشف چوہدری اور تمام مارکیٹوں کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کے علاوہ تاجروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تاجر نمائندوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ نے زبردستی دکانیں بند کرانے کے لئے اسلام آباد کی مارکیٹوں کا دورہ کرنا شروع کر دیا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ تاجروں نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے اپیل کی کہ وہ اسلام آباد میں زبردستی دکانیں بند کرانے کے بیورو کریسی کے جبری حربوں کا  فوری نوٹس لیں۔ حکومت نے زبردستی دکانیں بند کرانے کے فیصلہ پر نظرثانی نہ کی۔  تو اپنے حقوق کا تحفظ کرنے کے لئے کسی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔

مزیدخبریں