اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن میں 46 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے‘ پنشن 3600 سے بڑھا کر 5250 روپے کر دی گئی ہے۔ اطلاق یکم اپریل سے ہو گا۔ مئی کے پہلے ہفتے ایشین ترقیاتی بنک اور آئی ایم ایف کے ساتھ دوبئی میں مذاکرات ہوں گے‘ نیپال ا ور بھارت میں زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر افسوس ہے‘ پاکستان امداد بھجوائے گا وزیراعظم غیر ملکی دورے سے و اپسی پر تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو پاک چین اقتصادی راہداری منصو بے پر اعتماد میں لینے کیلئے بریفنگ دیں گے‘ چینی صدر کے دورہ میں تاریخی معاہدے طے پائے ہیں جو چین کی وزیراعظم نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ 18ویں ترمیم کے بعد ای او بی آئی کے معاملات صوبوں کو منتقل ہو چکے ہیں۔ ای او بی آئی ورکرز کی فلاح اب صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے تاہم وفاق اس حوالے سے صوبوں سے مکمل تعاون کریگا۔ ای او بی آئی کے معاملے پر آئینی اور قانونی موقف اختیار کریں گے۔ سپریم کورٹ میں ای او بی آئی کیس پر وہی موقف اختیار کریں گے جو آئین اور قانون کے مطابق ہو گا۔ اس وقت ای او بی آئی سے مستفید ہونیوالے افراد کی تعداد ساڑھے 3 لاکھ ہے۔ حکومت 20 لاکھ ملازمین کو اس دائرے میں لائیگی۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کسی ایک پارٹی کا نہیں بلکہ پوری قوم کا منصوبہ ہے، اس سے چاروں صوبوں اور تمام خطوں کو یکساں فائدہ ہو گا۔ اس قومی منصوبے کو متنازعہ بنانے کی کوشش قومی مفاد کے منافی ہو گی۔ حکومت اس حوالے سے سیاسی جماعتوں کے تمام تحفظات دور کریگی۔ چین کے صدر کا دورہ پاکستان اور اس میں طے پانے والے اربوں ڈالرز کے معاہدے ایک تاریخی پیشرفت ہیں جو ملکی معیشت اور پاکستان کی معاشی تقدیر بدل دیں گے۔