لندن (ایجنسیاں) وزیراعظم محمد نوازشریف نے برطانیہ میں اپنے برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف برطانوی وزیراعظم کی دعوت پر برطانیہ کے دورے پر ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف جونہی 10 ڈائوئننگ سٹریٹ پہنچے تو برطانوی وزیراعظم نے سرکاری رہائش گاہ کے باہر ان کا پرجوش استقبال کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے برطانوی ہم منصب کے ساتھ 30 منٹ تک ملاقات کی جس کے دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعلقات باہمی دلچسپی کے امور اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دورے سے متعلق یمن کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ لندن میں پہلی جنگ عظیم (گیلی پولی کی جنگ) کے 100 سال مکمل ہونے پر یادگاری دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعظم نوازشریف سمیت دولت مشترکہ ممالک کے سربراہوں نے اس میں شرکت کی اور یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کی ملکہ الزبتھ، شہزادہ ولیمز، برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون، ترکی کے وزیر اعظم اور وزیر اعظم نوازشریف سمیت عالمی رہنمائوں نے شرکت کی اور یاد گار پر پھول چڑھائے۔ یہ تقریب گیلی پولی کی جنگ میں ہلاک ہونے والے اتحادی فوجیوں کی یاد گار میں منعقد کی گئی،گیلی پولی کی یہ جنگ 1915ء میں برطانیہ نے اتحادیوں سے مل کر ترکی کے خلاف لڑی تھی جس میں ایک لاکھ31 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔نوازشریف اور ڈیوڈ کیمرون نے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ برسوں میں فروغ پانیوالے تعلقات پر اطمینان کا اظہارکیا اور یہ یقین ظاہرکیاکہ تجارت اور معیشت سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ برطانوی وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے انتہاپسندی اور دہشت گردی کو اپنی سرزمین سے ختم کرنے کیلئے کوششوں میں دی جانے والی قربانیوں کو سراہا اورکہاکہ برطانیہ اس حوالے سے پاکستان کی معاونت اورتعاون جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں برطانیہ کے تعاون اور معاونت کو سراہا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اورپاکستانی ہائی کمشنرسید ابن عباس بھی وزیراعظم کے ساتھ تھے۔