پشاور+ بھکر+ جڑانوالہ (صباح نیوز+ نامہ نگاران) پشاور‘ بھکر‘ جڑانوالہ اور قصور میں سرچ آپریشن کے دوران 89مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے پشاور کے علاقہ حیات آباد میں سرچ آپریشن کے دوران 40 افراد کو حراست میں لے لیا‘ زیر حراست افراد میں 7 افغانی باشندے بھی شامل ہیں مشتبہ افراد سے آٹھ عدد پستول اور درجنوں گولیاں برآمد کی گئی ہیں جبکہ پشاور کے علاقہ پھندو اور ملحقہ علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 26مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جن میں ایک افغان باشندہ بھی شامل ہے سرچ آپریشن کے دوران 100سے زائد گھروں کی تلاشی لی گئی گرفتار افراد کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ بھکر سے نامہ نگار کے مطابق ضلعی پولیس نے نواحی علاقہ میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے افغان باشندوں کی چیکنگ کی اور 12 مشکوک افراد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا۔ گزشتہ روز تھانہ صدر، تھانہ سٹی، سرائے مہاجر اور تھانہ بہل کی نفری کے علاوہ ایلیٹ فورس، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کی ٹیموں نے نواحی علاقہ کوٹلہ جام اور نشیبی علاقہ جات میں سرچ آپریشن کیا 6 گھنٹے جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے دوران پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لئے رکھا اور 12 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ سرچ آپریشن کے دوران مختلف مقامات سے دو عدد کلاشنکوف، ایک بندوق، رپیٹر، پسٹل 30 بور، 250 کارتوس برآمد ہوئے۔ جڑانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے مختلف مقامات سے ایک ہی خاندان کے دو افراد سمیت 4افراد کو گرفتار کر لیا۔ تھانہ روڈالہ پولیس نے بھاری نفری کے ہمراہ چھاپے مارکر چک نمبر 35گ۔ب سے اللہ دتہ‘ چک نمبر 276گ۔ب سے بابر‘ اور چک نمبر 280گ۔ب سے امجد علی‘ اصغر علی کے ساتھ اعظم علی سمیت 6افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت پولیس نے گزشتہ روز حساس اداروں کے ساتھ مشترکہ طور پر بارڈر ایریا سے ملحقہ دیہات میں سرچ آپریشن کیا اور 2 اشتہاریوں اور 7مشکوک افراد کو ناجائز اسلحہ سمیت گرفتار کر کے مقدمات درج کر لئے ہیں۔ پولیس پر مشتمل نفری نے حساس اداروں کے ساتھ مشترکہ طور پر سرچ آپریشن میں حصہ لیا۔ 66 کے قریب گھروں کو چیک کیا گیا جبکہ9 مشتبہ موٹرسائیکلوں کو قبضہ پولیس میں لیاگیا۔
پشاور‘ بھکر‘ جڑانوالہ اور قصور میں سرچ آپریشن‘ 89مشتبہ افراد گرفتار
Apr 26, 2016