خیبر پی کے میں 5.8شدت کا زلزلہ لوگوں میں خوف وہراس

Apr 26, 2016

پشاور،شانگلہ،گلگت، چلاس(آن لائن)خیبر پی کے کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے ،ریکٹر سکیل پر شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی۔تفصیلات کے مطابق پشاور، مانسہرہ ، سوات، چترال، شانگلہ سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر متعدد علاقوں اور گلگت میںشدید زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھے۔ لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، لوئردیر سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں اورگلگت بلتستان کے علاقوں چلاس اور غذر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ رات گئے آنے والے زلزلے سے لوگ کلمہ طیبہ کا وِرد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ آٹھ جبکہ گہرائی 116 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ بتایا گیا ہے۔آن لائن کے مطابق خیبر پختونخوا میں گزشتہ چند ماہ کے دوران 4 سے 6 کے درمیان کی شدت کے متعدد بار زلزلے آچکے ہیں۔

مزیدخبریں