سمگلنگ روکنے کیلئے مودی سرکار گائیوں کو شناختی نمبر جاری کریگی

Apr 26, 2017

نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی حکومت نے انسانوں کے ساتھ ساتھ گائیوں کو بھی شناختی نمبر جاری کرنے پر غور شروع کردیا۔ گذشتہ روز سپریم کورٹ میں بھارتی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ لاکھوں گائیوں کو خراب نہ ہونے والے پلاسٹک ٹیگز لگائے جائیں گے جن پر خصوصی شناختی نمبر درج ہوگا جو نیشنل ڈیٹا بیس سے منسلک ہوگا جس سے گائے کی سمگلنگ کو روکا جاسکے گا۔ خیال رہے کہ بھارت میں ہندو گائے کو مقدس مانتے ہیں اور کئی ریاستوں میں اسے ذبح کرنے اور گوشت استعمال کرنے پر سخت سزائیں دی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں حکومتی سطح پر بھی گائے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت میں جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم کی جانب سے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی گئی تھی جس کے بعد نریندر مودی کی حکومت نے وزارت داخلہ کے ایک پینل کو سرحد پار سمگلنگ روکنے کے لیے سفارشات مرتب کرنے کا کام سونپا تھا۔ 

مزیدخبریں