لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا چار سالہ دور شفافیت، خدمت اور دیانت سے عبارت ہے اور ماضی کی حکومتوں کے مقابلے میں وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں چار سالہ دور میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے برق رفتاری سے منصوبے مکمل کئے ہیں اور وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے اربوں روپے کا کسان پیکیج دیا گیا ہے۔ کاشتکاروں کیلئے کھادوں کی قیمتوں کو کم کیا گیاہے اور پنجاب حکومت چھوٹے کاشتکاروں کو ایک سو ارب روپے کے بلاسود قرضے مہیا کر رہی ہے جبکہ ماضی میں اربوں روپے کے قرضے ہڑپ کئے گئے اور قومی وسائل پر ڈاکہ زنی کرکے دکھی قوم کا مال ہڑپ کیا ہے۔ اربوں روپے قرضے معاف کرانے والوں کو بھی حساب دینا ہوگا۔ پاکستانی قوم چوری اورسینہ زوری کسی صورت برداشت نہیں کریگی۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے چار برس کے دوران نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے جو ترقی یافتہ، پرامن اورخوشحال پاکستان ہے- سی پیک سے بھی پاکستان کی قسمت بدل رہی ہے منصوبوں میں شفافیت عروج پر ہے، ماضی میںاربوں روپے ٹھیکوں میں ہڑپ کئے گئے جبکہ وزیراعظم نوازشریف کے دور میں ٹھیکوں میں اربوںروپے بچائے گئے ہیں، یہی فرق ہے وزیراعظم محمد نواز شریف اورماضی کی حکومتوں کا- آج منصوبے بروقت مکمل ہورہے ہیںاور قومی وسائل بھی بچائے جا رہے ہیں- انہوںنے کہا بعض سیاسی مخالفین کو منصوبوں میں شفافیت اور تیز رفتاری پر تکلیف ہے اور ان سیاسی عناصر کو علم ہے کہ عوام کی ترقی و خوشحالی کے منصوبے مکمل ہونے سے ان کی منفی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہو جائے گی۔ ان عناصر نے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا سفر روکنے کیلئے پہلے بھی سازشیں کیں لیکن باشعور عوام نے شکست خوردہ عناصر کی ہر سازش کو ناکام بنایا۔ لاہور میٹروبس کے منصوبے کو جنگلہ بس کہنے والے عناصر پشاور میں میٹروبس کا منصوبہ بنانے کیلئے مجبور ہو گئے ہیں جو میٹروبس منصوبے کی افادیت اوراہمیت کی دلیل ہے- انہوں نے کہا کہ یہ وہی عناصر ہیںجنہوںنے دھرنوں اور لاک ڈائون کے ذریعے ملک و قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا اور اپنے صوبے کے عوام کو ترقی وخوشحالی سے محروم کیا۔ مزید براں شہبازشریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میںرمضان المبارک کی آمد کے پیش نظرصوبہ بھر میں رمضان بازار لگانے کیلئے کئے جانیوالے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا رمضان المبارک کے دوران صوبے کے عوام کو خصوصی ریلیف فراہم کریںگے اورصوبہ بھر میں رمضان بازار لگائے جائیں گے۔ رمضان بازاروں میں آٹا، اشیائے ضروریہ، پھل اورسبزیاں سستے داموں دستیاب ہوں گی۔ اجلاس میں محکمہ زراعت کے زیر اہتمام رمضان بازاروں میں318 زرعی فیئر پرائس شاپس لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ زرعی فیئر پرائس شاپس پر پھل و سبزیاں ہول سیل ریٹ پر دستیاب ہوںگی جبکہ زرعی فیئر پرائس شاپس پربیسن، دال چنا، کھجور، کیلا اور سیب پر سبسڈی دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا اشیاء ضروریہ، پھلوں اورسبزیوں کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا اور کسی بھی چیز کی قلت یا عدم دستیابی کی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا ذخیرہ اندوزی کرنے والے عوام کے دشمن ہیں، انکے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف بھی بھرپور ایکشن لیا جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے نارووال کے علاقے میں گندم خریداری مرکزپر باردانہ نہ ملنے کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونیوالی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک اور سیکرٹری خوراک سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کاشتکاروں سے پیش آنیوالے ناخوشگوار واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا اور ہدایت کی ذمہ داروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی گندم خریداری مراکز پر باردانہ کی عدم دستیابی کی شکایت نہیں ملنی چاہئے اوراس ضمن میں کسانوں کو کسی قسم کی شکایت نہیں ہونی چاہئے۔