اسلام آباد(خبر نگار خصو صی )وزیرِ داخلہ نے شکار کی غرض سے پاکستان آنے والے وفود اور انکے سٹاف کی آمد ورفت کے سلسلے میں ایس او پیز کی منظوری دے دی وزارتِ داخلہ کی جانب سے مرتب کیے گئے ایس او پیز متعلقہ وزارتوں ، پاکستان میں واقع غیر ملکی سفارت خانوں اور بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں کو ارسال کر دئیے ہیں ایس او پیز کے مطابق غیر ملکی وفود سے وابستہ سٹاف کی پاکستان آمد کی پیشگی اطلاع وزارتِ خارجہ کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو ایک ہفتہ قبل کی جانی چاہیے ۔ غیر ملکی مہمانوں اوراہم شخصیات کی آمد کی اطلاع تمام متعلقہ اداروں کو کم از کم 72گھنٹے پہلے کی جائے۔ایس او پیز میں شکار کے لئے آنے والی غیر ملکی فلائٹس کے لئے لینڈنگ پوائنٹس کی بھی نشاندہی کر دی گئی۔ ایف آئی اے، اے این ایف ، کسٹم اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مخصوص کردہ لینڈنگ مقامات پرامیگریشن، کسٹمز، سیکیورٹی اور دیگر ضروری سہولیات مہیا کی جائیں۔ وزیرِ داخلہ کے حکم پر ہر قسم کے لینڈنگ پرمٹ کی معطلی کے بعد کسی بھی غیر ملکی کے لئے پاکستان آمد کے لئے ویزے کا حصول لازمی ہے۔ ایس او پیز میں ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی غیر ملکی کو ویزے اور امیگریشن کا عمل مکمل کئے بغیر پاکستان داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ متعلقہ ویزے اور امیگریشن کا عمل مکمل کیے بغیر داخلے کی کوشش پر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں گرفتاری بھی شامل ہے۔ ایف آئی اے حکام کی جانب سے ہر آنے والی فلائٹ کی کلیرنس مکمل ہونے پر تمام تفصیلات وزارتِ داخلہ کو فوری طور پر فراہم کی جائیں گی۔ نئے ایس او پیز کے تحت ہر متعلقہ ادارے کی جانب سے فوکل پرسنز متعین کیے جائیں گے۔