اسلا م آباد)نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے ہاﺅسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی خواہش ہے کہ ” اپنا گھر “ سکیم بہت جلد شروع کی جائے ۔ وزیراعظم کی تشکیل کردہ وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ہاﺅسنگ نے اپنی سفارشات مرتب کرکے رپورٹ تیار کرلی ہے ۔ کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوںنے اعلان کیا کہ بے گھر افراد کے لیے سستے گھروں کا منصوبہ ” اپنا گھر “ لمیٹڈ کمپنی کے ذریعے مکمل کیا جائے گا ۔ اپنا گھر سکیم کو فعالکرنے کے لیے وزارت ہاﺅسنگ تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔ اسلام آباد اور صوبوں میں لینڈ بینک کی نشاندہی کی جارہی ہے ۔ صوبائی حکومتوں نے بلا معاوضہ یا انتہائی کم قیمت پر زمین دینے کی حامی بھر لی ہے ۔ کمیٹی نے اپنا گھر سکیم کے لیے 6ماڈل تجویز کیئے ہیں ۔ ان ماڈلز کو منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا ۔ غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کے لیے گھر کی نعمت کو یقینی بنانے کے لیے آسان شرائط پر قرضوں کی سہولت دینے کی تجویز کو بھی رپورٹ میں شامل کیا جارہا ہے ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پلاننگ احسن اقبال اور وفاقی وزیر برائے سرحدی علاقہ جات عبدالقادر بلوچ سمیت اسٹیٹ بینک ، وزیراعظم سیکرٹریٹ اور وزارت کے ذیلی اداروں کے افسران نے شرکت کی ۔ کمیٹی کو اپنا گھر سکیم کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر اکرم دورانی نے یہ اعلان بھی کیا کہ وہ سرکاری ملازمین کے لیے ہائرنگ کی حد میں 100فیصد اضافہ کے لیے کابینہ اور وزیراعظم سے از خو د درخواست کریں گے ۔ اس کے ساتھ ساتھ جنرل ویٹنگ لسٹ میں سرکاری گھروں کے منتظر ملازمین کے مسائل کے پیش نظر ہائرنگ کی رقم الاﺅنس کی صورت میں تنخواہوں کے ساتھ دینے کے لیے بھی کوشاں ہیں ۔ ان اقدامات سے نہ صرف سرکاری ملازمین کے معاشی مسائل کم کیئے جاسکتے ہیں بلکہ وزارت پر سرکاری گھروں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے کام کا بوجھ بھی کم کیا جاسکتا ہے۔