لاہور ( کامرس رپورٹر) پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن(نارتھ) نے ملک میںبڑھتی ہوئی عمر کے45 فیصد بچوں میں غذائی قلت پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کے مستقبل کیلئے سنگین خطرہ قرار دے دیا ہے، پی پی اے کا کہنا ہے کہ اگر حکومت تعاون کرے تو پورے ملک میں سکولوں کی سطح پر بچوں کو مرغی کے گوشت اور انڈوں سے بنی خوراک فراہم کر سکتے ہیں۔ گزشتہ روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی پی اے (نارتھ زون ) کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالکریم نے حکومت کو باقاعدہ پیشکش کی ہے کہ پاکستان میں 5 سے 15برس کی عمر کے بچوں میں خوراک کی قلت دور کرنے کیلئے پی پی اے اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سکول جانیوالے ایک کروڑ 10 لاکھ بچوں میں سے نصف فیصد طلباء کے قد ان کی عمر سے کم ہیں، جبکہ پورے ملک میں مجموعی طور پر 2 کروڑ طلباء خوراک کی ضروریات پوری نہیں کر پا رہے جس کے نتیجے میں ان کی جسمانی اور ذہنی نشونما متاثر ہو سکتی ہے،انہوں نے کہا کہ غذائی ماہرین کے مطابق صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔