قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد سے جان بوجھ کر ٹکرانے والے ویسٹ انڈین فاسٹ بولرشینن گیبریل کو میچ ریفری نے 50 فیصد میچ فیس کا جرمانہ کردیا ہے۔ جمیکا ٹیسٹ میں پاکستان کی پہلی اننگز میں گیبریل نے اسد شفیق کو آؤٹ کرنے کے بعد نان اسٹرائیکرز اینڈ پر موجود سرفراز احمد کو جان بوجھ کر ٹکر ماری جس پر بیٹسمین نے امپائر سے شکایت کی۔فیلڈ امپائرز رچرڈ النگ ورتھ اور رچرڈ کیٹل برو، تھرڈ امپائر بروس اوکسنفورڈ اور فورتھ امپائر گریگوری بریتھ ویٹ کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر میچ ریفری کرس براڈ نے ویسٹ انڈین پیسر کو 50 فیصد میچ فیس کا جرمانہ کیا جب کہ گیبریل کے کھاتے میں 3 منفی پوائنٹس بھی شامل کر دیئے ہیں۔