لاہور (حافظ محمد عمران /نمائندہ سپورٹس) سابق وزیراعظم اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر میر ظفر اللہ خان جمالی کا کہنا ہے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف ہاکی اولمپئین گول کیپر منصور احمد کے بیرون ملک علاج کے معاملے میں ذاتی دلچسپی لیں۔ شہباز شریف کھیل اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہیں میری اپیل ہے کہ وہ 1994 ہاکی ورلڈکپ میں ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے گول کیپر کے علاج میں کردار ادا کریں۔ زندگی اور موت تو کسی کے بس میں نہیں لیکن ہمیں اپنی کوشش ضرور کرنی چاہیے۔ عالمی اعزازات جیتنے والا کھلاڑی مشکل وقت میں حکمرانوں کی طرف دیکھ رہا ہوں اور اسکی شنوائی نہ ہو تو اس سے زیادہ افسوس کی بات کیا ہو گی۔ وہ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ چیمپئن گول کیپر منصور احمد کی حالت پر دلی تکلیف ہوئی ہے۔ یہ قومی کھیل کے ہیروز ہیں انکی ضروریات تو ترجیحی بنیادوں پر پوری ہونی چاہئیں۔ منصور احمد کی بے بسی پر حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ جن کے پاس اختیارات اور فنڈز ہیں انکے پاس وقت نہیں۔ حکومت گول کیپر منصور احمد کے علاج کے لیے فوری اقدامات کرے۔ شاہد خاقان عباسی کا ماضی میں کھیلوں سے تعلق نہیں رہا لیکن بحثیت وزیراعظم وہ ہاکی اولمپئین کی بیماری سے لاتعلق کیسے رہ سکتے ہیں؟ بھارت سے علاج کی اپیل قومی وقار کے بھی منافی اور یہ حکمرانوں کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ آئی پی سی منسٹر ریاض پیرزادہ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ یہ تمام بااثر افراد کس چیز کا انتظار کر رہے ہیں۔ ہاکی فیڈریشن کی موجودہ انتظامیہ کا تو اپنا پیٹ نہیں بھرتا۔ ۔ انکے پاس اپنے علاج کےلیے وسائل نہیں ہیں وہ کئی مرتبہ مدد کی اپیل کر چکے ہیں لیکن حکومتی سطح پر کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی۔ کھیل کے میدان میں گرانقدر خدمات کے صلے میں انہیں پرائڈ آف پرفارمنس سمیت کئی اعزازات سے نوازا گیا۔